حسین حقانی نےاستعفی کی پیشکش کردی ~ The News Time

Wednesday 16 November 2011

حسین حقانی نےاستعفی کی پیشکش کردی

اسلام آباد : امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ اگر ان کے مستعفی ہونے سے پاک امریکا تعلقات میں پیدا ہونے والا بحران ختم ہوسکتا ہے تو وہ عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد میں ایوان صدر کے ذرائع نے بتایا کہ امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو بذریعہ خط وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستانی فوج کو بدنام نہیں کیا اور اس حوالے سے کسی بھی انکوائری میں شامل ہونے کے لیے تیار ہوں۔
ایوان صدر کے ذرائع کے مطابق حسین حقانی نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ ان کے استعفے کا فیصلہ اب صدر کے پاس ہے جب کہ وہ حکومت کی خواہش پر اپنے شیڈول کے مطابق وطن واپس آئیں گے۔
ذرائع نے بتا کہ سابق امریکی جنرل ایڈمرل مائیک مولن کو میمو بھیجے جانے کے حوالے سے معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد پاک فوج کے چیف جنرل اشفاق کیانی نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات میں اس حوالےسے باز پرس کی اور حسین حقانی کے اقدام پر سخت برہم ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر زرداری سے آرمی چیف گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں مبینہ خط کا معاملہ تفصیل سے زیر بحث آیا، اس موقع پر آصف زرداری نے معاملے کی وضاحت کے لیے حسین حقانی کو پاکستان طلب کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ حسین حقانی فوری طور پر پاکستان جا کر پاک فوج کے خدشات دور کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے تاہم انہوں نے حکومت کو پیشکش کی ہے کہ اگر ان کے مستعفی ہونے سے کشیدگی ختم ہوسکتی ہے تو وہ سفارتی عہدہ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
علاوہ ازیں ایوان صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ انہیں حسین حقانی سے مسلسل رابطے میں ہیں لیکن ان کی جانب سے عہدہ چھوڑنے پر آمادگی کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔
فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کو مبینہ خط کی وضاحت پیش کرنے کے لیے پاکستان طلب کیا گیا ہے تاہم ان کے استعفی کا معاملہ میرے علم میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ میں اثرو رسوخ رکھنے والے پاکستان کے ممتاز تجزیہ کار نجم سیٹھی کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے امریکی حکام کو لکھے جانے والے خط کا معاملہ اب سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے۔
 لندن سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا پاک فوج کو پورا شبہ ہے کہ صدر زرداری کو خط لکھنے کا مشورہ اور اس کی تیاری میں واشنگٹن میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی نے صلاح اور مدد فراہم کی ہے۔
نجم سیٹھی کے بقول اب لگتا ہے کہ حسین حقانی ماضی کا حصہ بننے جارہے ہیں، پاک فوج اور آئی ایس آئی ان کے اس مبینہ اقدام پر سخت برہم ہے ، آرمی چیف جنرل کیانی نے صدر زرداری سے کہہ دیا ہے کہ پاکستانی سفیر کو بلاکر اس حوالے سے جواب طلب کیا جائے۔
پاکستانی تجزیہ کار کے مطابق حسین حقانی نے اب تک وطن روانہ ہونے کے لیے ٹکٹ نہیں لیا ہے، ممکن ہے وہ دو چار روز گزرنے کے بعد واپس جائیں اور وہ صرف حکومت کو وضاحت پیش کرنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ اب سے چند گھنٹوں قبل صدرمملکت آصف علی زرداری سے پاکستانی وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ملاقات کی تھی اس موقع پر آرمی چیف جنرل کیانی بھی موجود تھے، بتایا جارہا ہے کہ تینوں بڑوں کے درمیان ہونےو الی اس اہم ملاقات میں خط کا معاملہ ہی زیر بحت رہا۔

0 comments:

Post a Comment