کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے لندن میں رہائش پذیر قائد الطاف حسین نے سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی پر پابندی کے لیے برطانوی وزیراعظم کو کوئی خط نہیں لکھا۔
ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے لندن پہنچنے اور ایم کیو ایم کے خلاف ثبوت فراہم کرنے کے لیے اسکاٹ لینڈ یارڈ سے رابطے کے بعد وزیراعلی سندھ اور وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کرکے سخت احتجاج کیا گیا اور اس پر وضاحت طلب کی گئی جب کہ رات ساڑھے 9 بجے کے قریب ایم کیو ایم کے کراچی میں مرکز نائن زیرو پر اس حوالے سے لیگل ایڈ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کےمجھ پر لگائے جانے والے الزامات سراسرجھوٹ ہیں، ایم کیو ایم پاکستان توڑنے کی سازش کا حصہ نہیں اور ہم اس کا سوچ بھی نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی محب وطن سیاسی جماعت ہے اور پاک فوج کی قیادت اور اس کے ادارے کو عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ایم کیو ایم تمام پاکستانیوں کو اپنا بھائی سمجھتی ہے۔
الطاف حسین نے کہا کہ ہماری جماعت پر پہلے بھی جناح پور بنانے کے حوالے سے الزامات لگائے گئے جو غلط ثابت ہوئے۔



0 comments:
Post a Comment