ڈھاکہ : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے عالمی رہنماﺅں پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لئے اربوں ڈالرز کا فنڈ قائم کرنے کے لئے زور دیا ۔
بنگلہ دیش کے دارلحکومت ڈھاکہ میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے 18 ممالک کے خصوصی اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ رواں ماہ جنوبی افریقہ میں اقوام متحدہ کے تحت موسمیاتی تبدیلیوں پر ہونے والی کانفرنس میں حکومتوں کو سبز موسم فنڈ کے نام سے 100 ارب ڈالرز مختص کرنے کا اعلان کرنا چاہئے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بنگلہ دیش کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا میں آفات سے نمٹنے کے حوالے سے قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔
اس 2 روزہ اجلاس میں 18 سب سے زیادہ متاثرہ ممالک سمیت 30 ملکوں کے وفود شریک ہیں، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے انسانی زندگی پر پڑنے والے اثرات اور دیگر نقصانات سے نمٹنے کے لئے فنڈز جمع کرنے کی حکمت عملی مرتب کرنا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر عالمی بات چیت کی رفتار بہت سست اور ناکافی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے کوئی غلطی نہیں کی مگر اس کے باوجود ہمیں بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔
0 comments:
Post a Comment