امریکی امدادسےانکار،پنجاب زیادہ متاثر ~ The News Time

Thursday, 20 October 2011

امریکی امدادسےانکار،پنجاب زیادہ متاثر


لاہور : امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے لئے اربوں ڈالرز کی امداد منجمد کرنے سے سیاستدان یا فوجی جنرلوں کی جگہ غریب عوام زیادہ متاثر ہوں گے۔
امریکی روزنامے واشنگٹن پوسٹ کے مطابق امریکی کانگریس پر دباﺅ ہے کہ وہ پاکستان کی سالانہ فوجی و شہری امداد کم کرے، کیونکہ پاکستانی حکومت مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
مگر آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب نے اسامہ بن لادن کی امریکی آپریشن میں ہلاکت کے بعد طبی سہولیات، تعلیم اور بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے لئے 127 ملین ڈالرز کی امریکی امداد لینے سے انکار کر دیا ہے۔
پاکستان کی وفاقی حکومت اور دیگر صوبے پنجاب کے نقش قدم پر چلنے کے لئے تیار نہیں مگر وہ بھی کم امریکی امداد سے مشکلات سے دوچار ہوسکتے ہیں۔
اخبار کے مطابق پنجاب کی جانب سے امداد نہ ملنے کے بعد سامنے آنے والی صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ امداد کی کٹوتی کے اثرات امیر سیاستدانوں یا فوجی جنرلوں کے مقابلے میں غریب شہریوں پر زیادہ بری طرح مرتب ہوں گے۔
اخبار کے مطابق پاکستانی امراءامریکی امداد سے مستفید ہوتے ہیں چاہے وہ این جی اوز کے ذریعے دی جائے یا براہ راست حکومتی فنڈز میں منتقل ہو۔امداد نہ ملنے سے ان کا طرز زندگی کچھ متاثر ضرور ہوسکتا ہے مگر یہ ممکن نہیں کہ ان کے خاندان طبی سہولیات یا بچے تعلیم سے محروم ہوجائیں۔
اخبار کے مطابق پنجاب حکومت کے فیصلے سے ملک کا سب سے بڑا زچہ و بچہ ہسپتال لیڈی ولنگٹن بہت بری طرح متاثر ہوا ہے جسے 16 ملین ڈالرز کی امریکی امداد حکومتی فیصلے کی وجہ سے نہیں مل سکی ہے۔
ہسپتال کے عملے کے مطابق فنڈز کی کمی کے باعث مریضوں کے لئے بستر کم پڑگئے ہیں اور کئی بار خواتین کو فرش پر لٹا کر زچگی کا عمل کرنا پڑتا ہے، جبکہ طبی آلات کی قلت بھی بچوں کی اموات کا سبب بن رہی ہے۔
امریکہ کی جانب سے 16 ملین ڈالرز امداد کو انکوبیٹرز کی خریداری اور 100 بستروں کے نئے وارڈ کی تعمیر کے لئے خرچ کیا جانا تھا۔
اس کے علاوہ دیگر امریکی امداد سے جنوبی پنجاب میں گزشتہ سال تباہ ہونے والے تعلیمی اداروں کی تعمیر نو ہونی تھی جبکہ صاف پانی و نکاسی آب کے کئی منصوبوں پر کام ہونا تھا، مگر اب یہ رقم ملک کے دیگر علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے کرچ کی جائے گی۔

0 comments:

Post a Comment