لاہور:خاتون نےپولیس اہلکارکوتھپڑجڑدیے ~ The News Time

Saturday, 12 November 2011

لاہور:خاتون نےپولیس اہلکارکوتھپڑجڑدیے


لاہور : پاکستان کے صوبائی دارالحکومت لاہورکے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خاتون نے مبینہ بدتمیزی پر پولیس اہلکار کو سر عام  تھپڑ رسید کردیے۔
نمائندے کے مطابق ساہیوال سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون حج سے واپس آنے والے اپنے رشتہ دار کو لینے کے لیے ایئرپورٹ پہنچی جہاں پولیس اہلکار نے اس کے ساتھ ناروا سلوک کیا اس دوران مذکورہ خاتون کا کم عمر بیٹا بھی وہاں آگیا اور احتجاج کرنے پر اہلکار نے اسے ڈنڈے مارے۔
اس دوران حاجیوں کی واپسی کے حوالے سے کوریج کے لیے موجود میڈیا کے نمائندے بھی اس جانب متوجہ ہوئے ، اس اثناء متاثرہ خاتون نے پولیس اہلکار کی جانب سے ڈنڈہ مارے جانے کے خلاف اسے وہیں رکنے کے لیے کہا لیکن پولیس اہلکار کیمرے دیکھ کر وہاں سے فرار کی کوشش کر رہا تھا کہ اسی دوران خاتون نے پولیس اہلکار کو  چلتے چلتے 2 تھپڑ رسید کیے اور خود بھی گر پڑی۔
مذکورہ خاتون کے گرتے ہی پولیس اہلکار نے موقع کا فائدہ اٹھا کر تیز قدموں سے ایئرپورٹ کی بالائی منزل کی سیڑھیاں پھلانگی اور فرار ہوگیا۔
علاوہ ازیں خاتون کا غصہ کچھ کم ہونے کے بعد میڈیا کے نمائندوں نے ہمت کرکے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں جس پر اس نے کہا کہ وہ حج سے واپس آنے والے اپنے رشتہ دار کو لینے کے لیے ساہیوال سے آئی ہے، ایئرپورٹ پر موجود پولیس اہلکار نے اسے بازو سے پکڑ ا، دھکے دیے اور ٹانگوں پر چھڑی بھی ماری۔
اس نے بتایا کہ پولیس اہلکار کی اس حرکت پر احتجاج کرنے کی پاداش میں اسے بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میں نے رشتہ داروں کو ایئرپورٹ بلالیا ہے ، اس واقعہ کا بدلہ ضرور لوں گی۔

0 comments:

Post a Comment