’امریکا مخالف جماعتوں کا اتحاد‘ ~ The News Time

Tuesday, 1 November 2011

’امریکا مخالف جماعتوں کا اتحاد‘


لاہور : پاکستان میں فروری 2008ء کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی امریکا مخالف جماعتوں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے اتحاد بنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔
 نمائندے کے مطابق پاکستان کے تاریخی مقام مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے جلسے کے بعد عمران خان کے گھر پر دونوں جماعتوں کے مرکزی رہنماؤں کے درمیان طے شدہ ملاقات میں مذکورہ اتحاد پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر طرفین نے ملک سے امریکی مداخلت ، کرپشن ، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے باقاعدہ ورکنگ پیپر تیار کرنے پر اتفاق کیا جب کہ عام انتخابات سے قبل سیاسی اصلاحات کے لیے منظم مہم چلانے پر بھی غور کیا گیا۔
 نمائندے کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے عوامی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ملاقاتیں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے عمران خان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ملکی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
دی نیوز ٹرائب کے نمائندے کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے منور حسن کا کہنا تھا کہ ملک کرپشن اور مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے جس کا سدباب کرنے کے لیے کوئی تیار نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ملاقات طے شدہ تھی جس میں اہم امور پر گفتگو کی گئی اور کئی معاملات طے پاگئے ہیں، ملک کو بحران سے نکالنے اور عوام کو کرپٹ لوگوں سے نجات دلانے کے لیے جامہ لائحہ عمل تشکیل دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی 2008ء الیکشن کے بائیکاٹ کے بعد سے ملک بھر میں گو امریکا گو تحریک چلا رہی ہے جس پر امریکی عہدیدران کی جانب سے متعدد بار اس کی مخالف میں بیان سامنے آئے ہیں جب کہ امریکی محکمہ خارجہ کچھ عرصے قبل حکومت پاکستان پر زور دے چکا ہے کہ وہ ملک میں امریکا کے خلاف پیدا ہونی والی نفرت کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔
دوسری جانب سابق پاکستانی کرکٹر عمران خان بھی امریکی ڈرون حملوں اور فوجی آپریشن کے خلاف سخت مؤقف رکھتے ہیں جسے نوجوان طبقے میں خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

0 comments:

Post a Comment