کراچی: معاشی لحاظ سے غیر مستحکم ملک پاکستان کے مرکزی بینک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گزشتہ 63 برسوں میں 16 گورنر بن چکے ہیں جب کہ بینک کی تاریخ کا 17 واں گورنر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
آزاد برطانوی نیوزویب سائٹ دی نیوز ٹرائب کے مطالعاتی جائزے کے مطابق پاکستان کے63سالہ مرکزی بینک میں 1948 کے بعد بینک کے اعلیٰ ترین عہدے گورنر پر17 واں گورنر آئندہ 3 برس کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔
یادرہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا قیام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ہاتھوں تقسیم ہندکے بعد مئی 1948 میں ہوا تھاجب کہ ملک کی مرکزی بینک نے یکم جولائی 1948 سے کرنسی چھاپنے سمیت تمام معاملات پر کام کا آغاز کیا ، جولائی 1948 سے تاحال بینک کے 16 گورنر اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں جب کہ یاسین انور 17 ویں گورنر کے طورپراپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
دی نیوز ٹرائب کو دستیاب رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی تاریخ میں سب سے طویل وقت تک گورنررہنے والے اے جی این قاضی ہیں جنہوں نے جولائی 1978 سے جولائی 1986 تک بینک گورنر کی حیثیت سے کام کیا جب کہ مختصر ترین وقت تک عہدہ رکھنے والے گورنرز میں شاکراللہ درانی نے جولائی 1971 سے دسمبر 1971 تک 5 ماہ 21 دن تک اور حال ہی میں عہدہ چھوڑنے والے شاہد حفیظ کاردار 10 ماہ تک بینک کے گورنر رہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پہلے گورنر زاہد حسین نے 1948 سے جولائی 1953 تک 5 برس عہدہ سنبھالا جس کے بعد عبدالقادر کو 1960 تک بینک کا گورنر مقرر کیا گیا، جولائی 1960 سے جولائی 1967 تک شجاعت علی حسنی جب کہ محبوب الرشید جولائی 1967 سے جولائی 1971 تک اسٹیٹ بینک کے گورنر رہے۔
دستیاب رپورٹ کے مطابق غلام اسحاق خان دسمبر 1971 سے نومبر 1975 تک، ایس عثمان علی دسمبر 1975 سے جولائی 1978 تک، اے جی اے قاضی جولائی 1978 سے جولائی 1986 تک جب کہ وے اے جعفری جولائی1986 سے اگست 1988 تک اسٹیٹ بینک کے گورنر رہے ۔
آئی اے حنفی بینک گورنر کے عہدے پر 2 بار خدمات سرانجام دے چکے ہیں ان کی پہلی مدت 1988 سے 1989 جب کہ دوسری مدت 1990 سے جون 1993 تک رہی، ڈاکٹر محمد یعقوب جولائی 1993 سے نومبر 1999 تک، ڈاکٹر عشرت حسین دسمبر 1999 سے دسمبر 2005 تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کےسربراہ رہے۔
اسٹیٹ بینک کی تاریخ میں پہلی بار جنوری 2006 سے جنوری 2009 تک خواتین سربراہ ڈاکٹر شمشاد اختر مقرر ہوئی جس کے بعد سید سلیم رضا جنوری 2009 سے جون 2010تک عہدے پر فائز رہے ، آخر میں شاہد حفیظ کاردار 10 ماہ تک بینک گورنر کے عہدے پر رہے جب کہ حال ہی میں یاسین انور کو 3 سال کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا 17 واں گورنر مقرر کیا گیا ہے۔
0 comments:
Post a Comment