مغربی سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ دمشق میں متعین امریکی سفیر رابرٹ فورڈ اختتام ہفتہ پر اپنے ملک واپس چلے گئے ہیں اورانھیں امریکی سفارت کاروں کو شام میں حال ہی میں نقصان پہنچانے کی کوششوں کے بعد واپس بلایا گیا ہے۔
ایک مغربی سفارت کار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ''شام کے سرکاری میڈیا میں حال ہی میں رابرٹ فورڈ کے خلاف معمول سے کہیں زیادہ مضامین شائع کیے گئے ہیں''۔ایک امریکی عہدے دار نے فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ''سفیر رابرٹ فورڈ غیر معینہ مدت کے لیے رخصت پر چلے گئے ہیں اور انتظامیہ نے انھیں ان کے ذاتی تحفظ کے پیش نظر چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے''۔
اس عہدے دار کے مطابق امریکا واشنگٹن میں متعین شامی سفیر کو ملک بدر کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا اس وقت شامی سفیر عماد مصطفیٰ کو امریکا سے واپس چلے جانے کا کہا جائے گا تو ان کا کہنا تھا کہ ''اس وقت نہیں''۔ دمشق میں امریکا کے نائب سفیر ہینز ماہونی کا کہنا ہے کہ امریکا نے باضابطہ طور پر رابرٹ فورڈ کو واپس نہیں بلایا۔
واضح رہے کہ شامی حکومت رابرٹ فورڈ کے حزب اختلاف کے ساتھ روابط پر نالاں تھی جبکہ وہ سفارتی آداب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے شامی صدر بشارالاسد کے خلاف گذشتہ سات ماہ سے جاری عوامی احتجاجی تحریک کےمراکز شہروں کے دورے کرتے رہے ہیں۔
درایں اثناء العربیہ نے شام کی مقامی رابطہ کمیٹیوں کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ اتوار کو ملک کے مختلف شہروں میں صدر بشارالاسد کے خلاف نکالی گئی ریلیوں پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے بائیس افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ حکومت مخالف کارکنان کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے زیادہ تر ہلاکتیں وسطی شہر حمص اور شمالی شہر حماہ میں ہوئی ہیں۔
شامی کارکنان نے سوموار کو العربیہ کو بتایا کہ حمص کے علاقوں باب السبعا اور دیر بعلبہ میں یکے بعد دیگرے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنائی دی ہیں۔حماہ اور درعا سے بھی دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
اس دوران شام نے بدھ کو ایک وفد قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹرز بھیجنے کا اعلان کیا ہے اور عرب لیگ کی نگرانی میں شام سے متعلق قومی ڈائیلاگ کے انقعاد کی تجویز کا خیرمقدم کیا ہے۔شامی وزیر خارجہ ولید المعلم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ''دمشق نے آیندہ چھے ماہ کے دوران مربوط اصلاحات پر عمل درآمد کا عزم کررکھا ہے''۔انھوں نے کہا کہ آیندہ چند ماہ میں شام سے متعلق قومی ڈائیلاگ کا انعقاد کرایا جائے گا
0 comments:
Post a Comment