بیجنگ: چین نے سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ چاہتا ہے کہ اسلام آباد عالمی امن و سلامتی کے لیے اہم عظیم کردار ادا کرے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی زینوا کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان جیانگ زو نے معمول کی بریفنگ میں کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور چین کی خواہش ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاغیرمستقل رکن منتخب ہو۔
ترجمان نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی سلامتی کونسل کی نشست کی درخواست کو بڑی اہمیت کا حامل سمجھتا ہے،بیجنگ اور اسلام آباد اسٹرٹیجک پارٹنر میں اور چین کے بین الاقوامی امن واستحکام برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے کردار کی حمایت کرتا ہے۔
دریں اثناء چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے چین کی جانب سے پاکستان کی واضح حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کی غیرمستقل رکنیت کیلئے چین کی حمایت قیمتی جذبہ ہے جس کی ہم انتہائی قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم عالمی اور علاقائی امن و سلامتی کیلئے مل جل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کے انتخاب کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو ہوگا۔ منتخب رکن ممالک یکم جنوری 2012 سے 2013 کے آخر تک کام کریں گے۔



0 comments:
Post a Comment