کراچی : پاکستانی سیاست میں ہلچل مچانے والے سابق ویزرداخہ سندھ ذوالفقار مرزا نے متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف مسلم لیگ ن کی حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئےنواز شریف کو بدین آنے کی دعوت دی ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کے نوکر نہیں ہیں کہ ہر چیز برداشت کرتے رہیں،ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف جب اور جہاں بھی بلائیں گے وہ جانے کو تیار ہیں ۔
اس موقع پر انہوں نے صدر آصف علی زرداری سے ناطہ توڑنے کا بھی اشارہ دیا، انہوں نے کہا کہ کل میری اہلیہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا سے بھی کہا جاسکتا ہے کہ اسپیکر شپ چھوڑ دو ، یہ ناطے ٹوٹ سکتے ہیں۔
ذوالفقار مرزا کی طرف سے متحدہ کے خلاف نواز شریف کے موقف کی حمایت ، مسلم لیگ کا مرزا کو قومی اسمبلی میں بلانے کی قرارداد کل پیش کرنے کا فیصلہ سندھ کی سیاست میں پی پی پی کو سندھ میں مشکل میں ڈال سکتی ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ صدر آصف زرداری نے پی پی پی کے وزراء اور رہنماؤں کو آج اسلام آباد طلب کیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق ذوالفقار مرزا کو پی پی پی کے کئی اراکین قومی و سندھ اسمبلی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے جس سے مسلم لیگ نواز کو سندھ میں اپنا ایک اہم حلیف نظر آنے لگا ہے اور اس اتحاد کا اہم ترین نقطہ متحدہ کی مخالفت ہے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جلد ہی نواز شریف اور ذوالفقار مرزا کی ملاقات ہوگی۔
0 comments:
Post a Comment