پرتھ/ اسلام آباد: پاکستانی وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے جیل اور جلاوطنی سے کچھ نہیں سیکھا، ن لیگ جمہوریت کا خاتمہ چاہتی ہے لیکن اسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے12اکتوبر1999ء کو حکومت ختم ہونے پر دھرنا کیوں نہیں دیا، جلاوطنی کے بعد اسلام آباد سے واپسی کے خلاف احتجاج کیوں نہیں کیا۔
یوسف گیلانی نے کہا کہ گو گو کا نعرہ لگانے اور دھرنوں سے حکومت تبدیل نہیں ہوگی، انتخابات وقت پر ہوں گے، احتجاجی سیاست بے نتیجہ رہے گی، حکومت سازی کے لیے کوئی آسان راستہ نہیں ، اپوزیشن انتظار کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی ہمیشہ حمایت کی اور اسے گرنے نہیں دیا لیکن ن لیگ کا رویہ انتہائی غیر جمہوری ہے، وفاداریاں تبدیل کرنے پر یقین نہیں رکھتے، جمہوری حکومت آئینی اداروں کو مزید مضبوط بنائے گی۔
گیلانی کے بقول موجودہ حکومت عدالتوں کا احترام کرتی ہے اور ہمارے وزراء عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔
پاکستانی وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ امریکا پر واضح کردیا ہے کہ ہمیں ڈرون حملے کسی صورت قبول نہیں اسے بند ہونا چاہیے۔
0 comments:
Post a Comment