عمران خان کا ایم کیو ایم کے خلاف تعاون کا یقین ~ The News Time

Monday, 21 November 2011

عمران خان کا ایم کیو ایم کے خلاف تعاون کا یقین


لندن : سندھ کے سابق وزیرداخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں ایم کیو ایم کے خلاف تعاون کا یقین دلایا ہے۔
لندن میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں کو پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے ان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ایم کیو ایم سے متعلق اہم گفتگو ہوئی، تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ وہ مجھ سے اس معاملے میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہیں۔
ذوالفقار مرزا نے بتایا کہ حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صاحب پگار سے بھی ان کا رابطہ ہوا ہے جس میں پگارا نے انہیں مقصد میں کامیابی کی دعائیں دی اور میری حوصلہ افزائی بھی کی۔
قبل ازیں لندن کے کالج میں خطاب کے دوران ایک نوجوان نے ان کے پروگرام میں گڑبڑ کرنے کی کوشش کی تاہم منتظمین نے اسے پکڑ کر باہر نکال دیا۔
ذوالفقار مرزا نے کہا کہ ایم کیو ایم جو مرضی کرلے میں جس مشن پر لندن آیا ہوں اسے پایہ تکمیل تک پہنچاؤں گا، پاکستانی عوام ایم کیو ایم کی دہشت گردی سے تنگ ہیں، انہیں مظالم سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھوں گا۔
واضح رہے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ملک توڑنے کے الزامات لگا کر پاکستان میں ہلچل پیدا کرنے والے ذوالفقار مرزا ان دونوں متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے غیر فعال رکن عمران فاروق کے قاتلوں سے متعلق مبینہ ثبوت لے کر لندن میں اسکارٹ لینڈ یارڈ کے عہدے داروں سے ملاقاتیں اور مختلف تقاریب سے خطاب کررہے ہیں۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ اسکارٹ لینڈ یارڈ کے عہدیداروں سے ان کی دوبارہ ملاقات ہوئی ہے جس میں مزید ثبوت ان کے حوالے کیے، اس موقع پر میرے ساتھ لیگل ایڈ کمیٹی کے ارکان اور پیپلزپارٹی کراچی کے رہنما حبیب جان بلوچ بھی موجود تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہے اور چند روز بعد پھر ملاقات ہوگی۔

0 comments:

Post a Comment