اسرائیل،امریکی اجازت کےبغیرایران پرحملےکو تیار ~ The News Time

Sunday, 13 November 2011

اسرائیل،امریکی اجازت کےبغیرایران پرحملےکو تیار


THE FLAG OF THE NATION OF ISRAELواشنگٹن : اسرائیل کا ایران پر حملے کے لئے واشنگٹن کی اجازت لینے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اس بات کا انکشاف برطانوی اخبار ٹیلیگراف نے امریکی ذرائع کے حوالے سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران پر حملے کے حوالے سے امریکہ کو اپنے عزائم سے آگاہ کرنے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد یہ خدشات بڑھ گئے ہیں کہ صہیونی ریاست آئندہ سال کے اوائل میں کسی بھی وقت ایرانی سرزمین پر تنہا حملہ کر سکتی ہے۔
اوبامہ انتظامیہ کے قریبی ذرائع کے مطابق امریکہ کے انتہائی اعلیٰ دفاعی عہدیدار لیون پنیٹا اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان گزشتہ ماہ خفیہ ملاقات ہوئی ، جس میں انھوں نے اس بات سے امریکہ کو آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی حکومت کو امید نہیں ایرانی جوہری مسئلے کا سفارتی حل نکل سکے گا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اقوام متحدہ کے جوہری ادارے آئی اے ای اے کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی جانب پیشرفت کر رہا ہے۔
لیون پنیٹا کے گزشتہ ماہ دورہ اسرائیل کے حوالے سے سرکاری طور پر یہ کہا گیا تھا کہ یہ مشرق وسطیٰ میں امن عمل کے حوالے سے ہے مگر ان کے مشن کا سب سے اہم حصہ اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع سے خفیہ ملاقاتیں کرنا تھا۔
امریکی وزیر دفاع نے ملاقاتوں کے دوران یقین دہانی چاہی کہ اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر واشنگٹن کی مرضی کے بغیر حملہ نہیں کرے گا،تاہم اسرائیلی رہنماﺅں نے یہ یقین دہانی کرانے سے انکار کردیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے اس ردعمل کے بعد باراک اوبامہ نے امریکی انٹیلی جنس سروسز کو اسرائیلی عزائم کے بارے میں جاننے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اخبار کے مطابق ایران پر اسرائیلی فوجی حملے کی افواہیں برسوں سے سامنے آرہی ہیں مگر اب کی بار یہ حقیقت محسوس ہو رہی ہیں، تاہم یہ حملہ موسم گرما سے پہلے متوقع نہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایران کے ایک درجن سے زائد مقامات کو F-15 اور F-16 جنگی طیاروں سے نشانہ بنایا جائے گا، جبکہ 3 جرمن ڈولفن آبدوزوں کو بھی اسرائیل نے خلیج فارس میں استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔

0 comments:

Post a Comment