مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی تعمیر تیز ~ The News Time

Wednesday 2 November 2011

مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی تعمیر تیز

تل ابیب: اسرائیلی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی تعمیر تیز کردی جیسے پہلے ہی اقوام متحدہ غلط قرار دے چکا ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں فلسطین کو رکنیت دینے کے اعلان کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے حکم دیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں 2 ہزار مکانوں کی تعمیر کا کام تیز کردیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تعمیرات ان علاقوں میں کی جائے گی جو مستقبل میں اسرائیل کا حصہ ہوں گے۔
ایک اسرائیلی عہدیدار کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے فلسطینی اتھارٹی کو فنڈز کی فراہمی بھی عارضی طور پر روک دی ہے۔
دوسری جانب فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ اقدام سے خطے میں قیام امن کا عمل تباہ ہوکر رہ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل جب تک مقبوضہ علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر روک نہیں دیتا امن مذاکرات بحال نہیں ہوسکتے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں 5 لاکھ کے قریب یہودی آباد ہیں اور انصاف کی عالمی عدالت نے بھی فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دے رکھا ہے۔

0 comments:

Post a Comment