پین کلر کا استعمال مضر صحت ~ The News Time

Wednesday 2 November 2011

پین کلر کا استعمال مضر صحت


واشنگٹن: امریکہ میں ہیروئن اور کوکین کی نسبت اموات کی بڑی وجہ درد کم کرنے  کی ادویات  کا  ضرورت سے زیادہ استعمال ہے۔
سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پروینشن (سی ڈی سی) کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈاکٹروں کی تجویز کردہ خوراک سے زیادہ دوا کھانے کے رحجان نے ایک وبا کی شکل اختیار کر لی ہے اور درد کم کرنے والی دواؤں یعنی ’پین کِلرز‘ کے باعث ہونے والی اموات گزشتہ دس برس میں تین گنا زیادہ ہو گئی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا  ہے کہ یہ ادویات  درد تو کم کرتی ہیں لیکن اس قدر نشہ آور ہیں کہ پچھلے سال امریکہ میں کیے گئے ایک سروے میں معلوم ہوا کہ بارہ سال سے زیادہ عمر کے ہر بیس افراد میں سے ایک فرد ان ادویات کا غیر ضروری استعمال کرتا ہے۔
ایک امریکی ادارے ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے اعداد و شمار کے مطابق 1999 سے لے کر اب تک دواخانوں کو ان ادویات کی فروخت میں تین سو فیصد اضافہ ہوا ہے۔ لیکن سرکاری رپورٹ کے مطابق مسئلہ یہ ہے کہ ڈاکٹر درد کم کرنے والی ادویات کے نسخے پہلے سے زیادہ دے رہے ہیں۔
سی ڈی سی کے تھامس فریڈن کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ سے یہ واضح ہوا ہے کہ ریاستوں کو ان ادویات  کے متعلق پالیسیاں درست و تبدیل کرنی ہوں گی تاکہ ان کا غلط استعمال کم کیا جا سکے۔
یادرہے کہ 2008 میں تقریباً پندرہ ہزار اموات صرف درد کم کرنے والی ادویات کی وجہ سے ہوئی تھیں۔

0 comments:

Post a Comment