’مالیاتی بحران جنگ عظیم سےبھی سنگین‘ ~ The News Time

Tuesday 15 November 2011

’مالیاتی بحران جنگ عظیم سےبھی سنگین‘


برلن: جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ مالیاتی مسئلہ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپ کا سب سے بڑا بحران ثابت ہوسکتا ہے۔
 اپنی پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یورو استعمال کرنے والے 17 یورپی ممالک یونان، اٹلی اور دوسری کمزور معیشتوں کے قرضوں کے مسائل پر آپس میں بٹے رہے تو پھر پورے یورپ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
انہوں نے اس مسئلے پر یورپی ممالک کے درمیان سیاسی تعاون بڑھانے پر زور دیااور اس چیلنج کے مقابلے کے لیے زیادہ تعاون کی اپیل کی ہے۔
جرمنی کی سربراہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اٹلی اور یونان کے نئے حکمران قرضوں کے اس بڑے بحران اور معاشی سست روی پر قابو پانے کی کوششیں کر رہے ہیں جس نے پورے یورپ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
پیر کو اٹلی اپنے بانڈ کے فروخت کے ذریعے 4ارب ڈالر سے زیادہ رقم اکھٹی کرنے میں کامیاب ہوگیا، اس بانڈ پر دیے جانے والے منافع کی شرح 1997ء کے بعد سے سب سے زیادہ ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بانڈ کی فروخت پر سامنے آنے والے مثبت ردعمل اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں کی صورت حال یہ ظاہر کرتی ہے کہ اٹلی میں ماہر معاشیات ماریو مونٹی کا نام وزیر اعظم کے طور پر سامنے آنے سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

0 comments:

Post a Comment