کوہاٹ:امن لشکر پر حملہ، پانچ ہلاک ~ The News Time

Tuesday 18 October 2011

کوہاٹ:امن لشکر پر حملہ، پانچ ہلاک


طالبان فائل فوٹو
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ میں اورکزئی طالبان مخالف امن لشکر کی گاڑی پر ہونے والے ایک حملے میں پانچ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
کوہاٹ پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام کوہاٹ شہر کے مضافاتی علاقے ڈوڈا روڈ پر گوڈی بانڈہ کے قریب پیش آیا۔
بلی ٹنگ پولیس تھانہ کے ایک اہلکار گل جنان نے پشاور میں بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ اورکزئی ایجنسی کے امن لشکر کے ایک رہنما عزیز الرحمان اپنے ساتھیوں سمیت گاڑی میں جا رہے تھے کہ اس دوران مسلح موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر خود کار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں لشکر کے رہنماء سمیت پانچ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ ہلاک ہونے والے افراد عزیز الرحمان کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ عزیز الرحمان اورکزئی ایجنسی میں جاری آپریشن کی وجہ سے گزشتہ کچھ عرصہ سے کوہاٹ میں مقیم تھے۔
ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ اس پہلے بھی اورکزئی ایجنسی کے امن لشکر کے افراد پر حملے کیےگئے ہیں جس میں متعدد افراد مارے جاچکے ہیں۔ اورکزئی ایجنسی میں دو تین سالوں سے سکیورٹی فورسز کی طرف شدت پسند تنظیموں کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فوج کا دعویٰ ہے کہ اورکزئی میں عسکریت پسندوں کے خلاف تمام اہم اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں اور زیادہ تر علاقوں سے عسکریت پسندوں کو نکال دیاگیا ہے۔ لیکن مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں بدستور عسکریت پسند موجود ہیں۔

0 comments:

Post a Comment