سری لنکا نےپاک فوج طلب کرلی ~ The News Time

Wednesday 26 October 2011

سری لنکا نےپاک فوج طلب کرلی


کولمبو: سری لنکا نے بارودی سرنگوں کی صفائی کے لئے پاک فوج کی خدمات حاصل کر لیں، اس مقصد کے لیے کرنل ظافر نثار کی سربراہی میں 10 رکنی ڈی مائننگ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ہے۔
کولمبو سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پاک فوج کی انجینئر کور سے تعلق رکھنے والی 10 رکنی ڈی مائننگ ٹیم کو سری لنکا کی طرف سے دورے کی دعوت دی گئی تھی جو 28 اکتوبر تک وہاں قیام کرے گی۔
اس ٹیم میں شامل تمام اہلکار انتہائی کوالیفائڈ ہیں اور وہ کمبوڈیا اور سوڈان جیسے شورش زدہ ممالک میں اپنی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
پاکستانی ڈی مائننگ کے اس دوستانہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے متعلقہ شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ حاصل کرنا ہے، یہ ٹیم اپنے قیام کے دوران سری لنکا کے ملاتابو اور مادو کے علاقوں کا دورہ کرے گی۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے رواں سال جنوری میں دورہ سری لنکا کے دوران دونوں ممالک کے فوجی سربراہان نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ پاکستان پاک فوج کی انجینئر کور کی ایک ٹیم کو سری لنکا بھیجا جائے گا جو بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے سری لنکن فوج کی تربیت کے علاوہ معاونت بھی کرے گی۔
یہ ٹیم اپنے دورے کے دوران کینڈی، گالے، ہمبنگٹوٹا اور سگاریا کے علاقوں کا بھی دورہ کرے گی اس ٹیم کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

0 comments:

Post a Comment