پاکستانی سرحدپرامریکی پیش قدمی ~ The News Time

Sunday 16 October 2011

پاکستانی سرحدپرامریکی پیش قدمی

وانا: امریکا نے پاک افغان سرحد پر سیکڑوں کی تعداد میں فوجی اہلکار تعینات کردیے جب کہ شمالی وزیرستان سے متصل علاقوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا ہے۔
قبائلی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاک افغان بارڈ پر گن شپ ہیلی کاپٹر، بڑی تعداد میں ٹینک اور دیگر جنگی سامان بھی منتقل کردیا گیا ہے جب کہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے ملحق افغان صوبے خوست میں گھر گھر تلاشی لی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاک افغان سرحد پر امریکی فوجیوں کے غیرمعمولی نقل و حرکت پر قبائلی عوام میں سخت تشویش پائی جاتی ہے جس کی اطلاع انہوں نے پولیٹیکل انتظامیہ کو بھی کردی۔
دوسری جانب امریکی فوجیوں کی شمالی وزیرستان سے متصل علاقوں پر تعیناتی کے حوالے سے تاحال پاکستان کی جانب کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا تاہم لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی وزیردفاع نے ڈرون حملوں کے معاملے پر جارحانہ خطاب کیا تھا۔
چوہدری احمد مختار کا کہنا تھا کہ امریکا ڈرون حملوں کے معاملے پر ہمارے صبر کا امتحان نہ لے ، ہم نے بھی کوئی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے طویل عرصے سے شمالی وزیرستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف آپریشن کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس پر عمل نہ کرنے پر پاکستان سے سخت کشیدگی اور تعلقات میں دراڑیں پڑنے لگی ہیں۔
امریکی وزیردفاع لیون پنیٹا اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ امریکا افغانستان میں امریکی فوجیوں کی حفاظت کے لیے پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے خلاف کسی قسم کی بھی کارروائی کرسکتا ہے۔

0 comments:

Post a Comment