صدام سے زیادہ جابر کوئی نہیں، بشار الاسد عبرت پکڑیں: برہم صالح ~ The News Time

Monday 24 October 2011

صدام سے زیادہ جابر کوئی نہیں، بشار الاسد عبرت پکڑیں: برہم صالح

عراقی صوبہ کردستان کے وزیر اعلی برہم صالح نے شام میں صدر بشار الاسد کی وفادارفوجوں کے ہاتھوں سویلینز کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بشار الاسد ملک میں اصلاحات کے نفاذ میں جلدی کریں۔ عراق اور خطے کے دیگر ممالک میں پیش آنے والے حالات سے سبق سیکھیں ورنہ وہ بھی کسی خطرناک انجام سے دوچار ہوں گے۔

"العربیہ ڈاٹ نیٹ" کے مطابق صوبہ کردستان کے وزیر اعلی برہم صالح نے اُردن میں عالمی اقتصادی فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں یک جماعتی اور شخصی حکومت کا دور گذر چکا ہے۔ شام میں بشار الاسد کو بھی گرد وپیش کےحالات سے سبق سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عراق میں صدام حسین جیسا جابرانہ نظام حکومت کسی کا نہیں۔ صدام حسین ایک ایسا ظالم حکمران تھا جس نے اقتدار بچانے کے لیے اپنے عوام کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں سمیت طاقت کا ہر حربہ استعمال کیا۔ قومی وسائل کو اپنی قوم کو دبانے میں لگا دیا۔ اگر صدام حسین کو آخر کار عوام کے سامنے شکست قبول کرنا پڑی تو شامی صدر بشار الاسد جیسے لوگوں کی کیا حیثیت ہے؟
برہم صالح کا کہنا تھا :"ہم سب کے لیے تاریخ کا مطالعہ ضروری ہے۔ نیز ہمیں اس سے سبق سیکھنا چاہئے۔ یہ عہد سلطانی جمہور کا ہے۔ فرد واحد کی حکمرانی اور مطلق العنانیت کا دور لد چکا ہے۔ اب احترام آدمیت اور انسانی حقوق کی پاسداری کا زمانہ ہے۔ اب انسانی حقوق کو پامال نہیں کیا جا سکتا۔"
لندن سے شائع ہونے والے عربی اخبار "الشرق الاوسط" میں مسٹر صالح کی تقریر پر مبنی رپورٹ میں ان سے یہ بیان منسوب کیا گیا ہے کہ"ہم نے شام کی صورت حال پر کئی مرتبہ اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ طاقت کے ذریعےعوام پر اپنی مرضی مسلط نہیں کی جا سکتی"۔ کردستان صوبے کے رہ نما نے کہا کہ شام میں صورت حال پر صرف مذاکرات کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔ شام میں تشدد کا عرصہ جتنا دراز ہو گا اتنا ہی عوام کا نقصان ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ عراق خطے میں اہم ترین ملک ہے۔ شام میں بڑھتی کشیدگی عرب ۔ اسرائیل تنازع پر بھی اثر انداز ہو گی لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ کسی ملک میں فرد واحد کی حکمرانی کو برداشت کیا جائے اور وہ عوام کے جمہوری حقوق پامال کرتا رہے۔

0 comments:

Post a Comment